ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ؓبنگلورو: حج بھون میں 150آکسیجن اور آئی سی یو بستروں کی سہولت

ؓبنگلورو: حج بھون میں 150آکسیجن اور آئی سی یو بستروں کی سہولت

Fri, 30 Apr 2021 15:55:26    S.O. News Service

بنگلورو،30؍اپریل(ایس او  نیوز)بنگلورو شہر کے ہیگڈے نگرمیں واقع حج بھون میں کورونا مریضوں کو فوری طبی امداد بہم کروانے کے لئے اس عمارت کی پہلی منزل پر 150آکسیجن بستروں کا انتظام کیا جا رہا ہے ان میں سے 50بستر آئی سی یو وینٹی لیٹر سے آراستہ ہو ں گے۔ یہ اعلان حج بھون کا دورہ کرنے کے بعد سابق وزیر اور مقامی رکن اسمبلی کرشنا بائرے گوڑا نے کیا۔

انہوں نے یلہنکا کے رکن اسمبلی ایس آر وشواناتھ کے ساتھ حج بھون کا معائنہ کرنے کے بعد’نمائندوں‘کو بتایا کہ حج بھون میں پہلے ہی 100بستروں پر مشتمل کووڈ کیر سنٹر چل رہا ہے لیکن فی الوقت یہاں آکسیجن اورآئی سی یو بستروں کی سہولت نہیں ہے لیکن اب کرناٹک اسٹیٹ حج کمیٹی اور بی بی ایم پی کے تعاون سے اس حج بھون میں پہلی منزل پر 150آکسیجن بستروں کی فراہمی کے کام کا آغاز ہو چکا ہے۔ ایک دو دن میں ہی یہ بستر تیار ہو جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ حج بھون میں آئی سی یو اور آکسیجن بستروں کی فراہمی سے شہر کے اس علاقے میں کورونا سے متاثر ہو کرزیادہ بیمار پڑنے والے افراد کو کافی آسانی ہو گی اس کے ساتھ ہی شہر کے دیگرلوگوں کا بھی یہاں علاج کیا جا سکتاہے۔اس موقع پر بی بی ایم پی کے جائنٹ کمشنر اور حج کمیٹی کے ایکزیکیوٹیو آفیسر سرفراز خان اور دیگرافسرموجود تھے۔


Share: